بیجنگ،13جولائی(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)چین نے کہا ہے کہ وہ بحیرہ جنوبی چین میں اپنی خود مختاری یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کرے گا۔ دی ہیگ میں قائم بین الاقوامی ٹریبونل نے گزشتہ روز اس سمندری علاقے پر چین کے دعوے کو رد کر دیا تھا۔ چین کی طرف سے اس فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ وہ بحیرہ جنوبی چین کے اس حصے پر ایک ایئر ڈیفنس زون قائم کرنے کا حق رکھتا ہے۔ چینی میڈیا نے دی ہیگ میں قائم مستقل ثالثی عدالت کو بیرونی طاقتوں کی کٹھ پتلی قرار دیا ہے۔ گزشتہ روز اس عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا تھا کہ چین نے فلپائن کے بحری جہازوں اور تیل کے منصوبوں کو خطرے میں ڈال کر فلپائن کی جغرافیائی خود مختاری کے حقوق کی خلاف ورزی کی تھی۔